ایف آئی اے نے سادھوکی میں کارروائی کرتے ہوئے 7 انسانی اسمگلرز گرفتار کرلیے، دوسری کارروائی میں گجرات سے گرفتار انسانی اسمگلر سہیل شکیل کے ایک سہولت کار کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔
ایف آئی اے گوجرانوالہ سیل نے سادھوکی میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایک بڑے گروہ کو گرفتار کر لیا ہے گرفتار کئے گئے 7 انسانی اسمگلروں کے قبضے سے 142 پاکستانی پاسپورٹ ، دیگر دستاویزات اور جدید الیکٹرانک مشینیں برآمد ہوئی ہیں ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد انیس کے مطابق ملزمان پاکستان ، ایران اور عراق سے انسانی اسمگلنگ کے ذریعے شہریوں کو یورپ بھجواتے تھے ۔
دوران تفتیش انکشاف ہوا ہے کہ گروہ کا مرکزی ملزم حسنین تربت فائرنگ واقعہ میں ملوث ایک مفرور ملزم اختر میو سے رابطے میں تھا ۔
ایک اور کارروائی میں ایف آئی اے نے گجرات سے ایک ملزم قیصر منیر کو بھی گرفتار کیا ہے ۔
قیصر منیر گزشتہ روز گرفتار ہونیوالے ملزم سہیل شکیل کا سہولت کار ہے ،سہیل شکیل نے تربت میں مارے جانے والے 5 افراد کو کوئٹہ بھجوایا تھا۔