لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ اداروں کیساتھ لڑکر حکومت خود جمہوریت کو ختم کررہی ہے اگر سپریم کورٹ نے احتساب شروع کیا تو پوری قوم اس کے ساتھ کھڑی ہوگی۔عوام مجرموں کو بے نقاب اور قانون کے کٹہرے میں دیکھنا چاہتے ہیں ۔ 2018ء کے انتخابات میں جماعت اسلامی 50 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دے گی ۔ بلوچستان میں پختونوں اور بلوچوں کو لڑانے کی سازش کرنے والے پاکستان کے دوست نہیں ہیں ۔ بلوچ اور پختون بلوچستان کی دو آنکھیں ہیں ۔ کوئٹہ پریس کلب میں جماعت اسلامی یوتھ ونگ بلوچستان کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اسٹیٹس کو کو توڑنا اور ظلم و جبر کے فاشسٹ نظام کا خاتمہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مرکز ہے ۔ ہم عوام کو بھی لٹیروں کے چنگل سے نکلنے اور احتساب کی تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں ۔ اب وقت آگیاہے کہ بڑوں سے حساب کتاب کر کے قومی دولت کی پائی پائی وصو ل کی جائے ۔ عوام وڈیروں ، چوہدریوں ، نوابوں اور خوانین کے گھروں کاطواف کرنے کی بجائے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہم آئندہ انتخابات میں نوجوانوں کو قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹ دیں گے تاکہ حقیقی قیادت سامنے آسکے ۔جماعت اسلامی ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کی کوشش کررہی ہے تاکہ سرمائے اور خاندانی حیثیت کی وجہ سے اقتدار میں آنے والوں کا راستہ روکا جاسکے ۔ انہوںنے کہاکہ بلوچستان میں لاکھوں نوجوانوں کے شناختی کارڈ بلاک ہیں اور نادرا بغیر کوئی وجہ بتائے لوگوں کو قومی شناختی کارڈ سے محروم رکھے ہوئے ہے ۔ شہریوں کو شہریت سے محروم رکھنا کہاں کا انصاف ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نادرا فوری طور پر بلاک شناختی کارڈ جاری کرے اور ایسا نظام بنایا جائے کہ کسی پاکستانی کو شناختی کارڈ کے حصول میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔سراج الحق نے کہاکہ تربت میں 25 نوجوانوں کے قتل کے اصل ذمہ دار وہ حکمران ہیں جن کی پالیسیوں کی وجہ سے لاکھوں نوجوان جان پر کھیل کر روزگار کیلئے باہر جانا چاہتے ہیں ۔تربت واقعہ حکمرانوں کے چہروں پر بدنام داغ ہے ۔لوگ اپنی جانوں کی قربانی دے کر غربت اور بھوک سے بچنے کے لیے باہر بھاگتے ہیں جبکہ قومی وسائل پر کرپٹ ٹولہ سانپ بن کر بیٹھا ہواہے اور لوگوں کو غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور جہالت کے اندھیروں میں دھکیل رہا ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں مشرقی پاکستان جیسے حالات پیدا کر رہاہے۔ حکومت بھارتی سازشوں کا مقابلہ کرنے کی بجائے اس سے دوستی اور تجارت کے معاہدے کر رہی ہے ۔ کشمیر کی آزادی کے خلاف ہونے والے کسی معاہدے کو قوم قبول نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان بہت بڑی قوت ہیں ہم اس قوت کو میدان میں لا کر ملک کی قسمت بد ل دیں گے ۔