اسلام آباد (فاروق اقدس +نامہ نگار خصوصی ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور کا اجلاس جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا، زیر بحث معاملات کی حساسیت کے پیش نظر اجلاس کی کاروائی کو "ان کیمرہ "کردیا گیا۔ تاہم اجلاس میں موجود ذرائع کے مطابق غیرملکی معاہدوں کی پارلیمنٹ سے توثیق کے معاملے پراجلاس میں خاصا وقت اختلافات کی نذر ہوگیا۔ ایک موقع پر وزیر خارجہ خواجہ آصف اور کمیٹی کی رکن مہرالنسا شیریں مزاری کے درمیان تلخی بھی ہوئی اور وہ اجلاس سے واک آئوٹ کرگئیں ، یہ پہلا موقع تھا کہ قائمہ کمیٹی خارجہ امور کے اجلاس سے کسی رکن نے احتجاجاً واک آئوٹ کیا ، چار سال سے زیرالتواء بل پر پیشرفت نہ ہونے پر شیریں مزاری نے کثیر الملکی معاہدوں کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بل پر ووٹنگ کرانے کا مطالبہ کردیا، چیئرمین قائمہ کمیٹی نے انکارکردیا ،محمودخان اچکزئی اور نفیسہ شاہ نے بل کی حمایت کردی ہے جس پر شیریں مزاری احتجاجاً اجلاس سے واک آئوٹ کرگئیں ۔میڈیا کے نمائندوں کو پیشگی طور پر اطلاع نہیں دی گئی تھی کہ کمیٹی کا اجلاس ان کیمرہ ہوگا لیکن عین موقع پر کمیٹی روم کے دروازے پر" ان کیمرہ "اجلاس کی تحریر چسپاں کردی گئی میڈیا کو کاروائی کی کوریج کی اجازت نہیں دی گئی ۔