• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری ٹی وی کی نجکاری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سرکاری ٹی وی کی نجکاری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، نجکاری مسائل کا حل نہیں، میں ایسا کوئی کام نہیں کروں گی جس سے ایسا تاثر بھی جائے کہ کسی قسم کی نجکاری ہو رہی ہے، کسی ملازم کو نہیں نکالا جائے گا، موجودہ حکومت کی مدت جون 2018ء میں مکمل ہو گی اور ہماری کوشش ہو گی کہ سرکاری ٹی وی کے نظریہ کو واپس لایا جائے، سرکاری ٹی وی اس مقام پر پہنچ چکا ہے کہ لوگ اس کا مقابلہ کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مریم اورنگزیب نے سرکاری ٹی وی کے قیام کی 53 ویں سالگرہ کے موقع پر سرکاری ٹی وی ہیڈکواٹرز میں کیک کاٹنے کی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ٹی وی کا کسی سے مقابلہ نہیں، اختلاف رائے ضرور ہو گا مگر دوسرے کی رائے سننے کا تحمل اور حوصلہ بھی ہونا چاہئے، سیاست کو سرکاری ٹی وی سے دور ہونا پڑے گا اور ملازمین کو سرکاری ٹی وی کے لئے کام کرنا پڑے گا۔جتنے لوگ سرکاری ٹی وی کے ساتھ منسلک تھے اور منسلک ہیں اور دیگر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں۔سرکاری ٹی وی کے آٹھ یا نو چینلز کے درمیان بھی ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔آئندہ چھ ماہ سرکاری ٹی وی ملازمین اس طرح کام کریں کہ گزشتہ 20 سال کے مقابلہ میں کوئی تبدیلی نظر آئے۔ملتان سے نمائندہ جنگ کے مطابق سرکاری ٹی وی کی 53ویں سالگرہ کے موقع پر سرکاری ٹی وی ملتان سنٹر کو نظر انداز کرنے پر سرائیکستان قومی کونسل کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سرائیکی رہنمائوں نے کہا کہ سالگرہ کے موقع پر سرکاری ٹی وی کے آٹھ سنٹروں سے کیک کاٹے گئے اور سالگرہ کے مسلسل پروگرام نشر کئے گئے مگر سرکاری ٹی وی کے ملتان سنٹر کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ۔ نہ توکیک کاٹا گیا اور نہ ہی کوئی پروگرام آن ائیر ہوا ۔ کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے سرکاری ٹیلی ویژن کی 53 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی نشریاتی ادارے کی ملک و قوم کے لئے خدمات قابل ستائش ہیں ۔ 
تازہ ترین