ڈیرہ اسماعیل خان (نمائندہ جنگ، صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد محاصرے میں ہے، دھرنے کے شرکاء پر تشدد بند اور گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے۔ حکومت راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر لائے اور ذمہ دار افراد کو سخت سزا دے۔ اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء پر حکومت کے تشدد سے پورے ملک میں انتشار پھیل گیا، یہ حکومت کی بڑی ناکامی ہے، حکومت راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں بنائی گئی اپنی ہی کمیٹی کی رپورٹ شائع نہیں کررہی کیونکہ اس میں بڑوں کے نام آتے ہیں۔ نظام مصطفی ۖ کے نفاذ کا مطالبہ صرف مذہبی جماعتوں کا نہیں پوری قوم کا ہے۔ گرامٹ کا واقعہ حکمرانوں کے چہروں پر بدنما داغ ہے۔ کرپشن کے خلاف مہم انجام تک پہنچائیں گے، سپریم کورٹ میں درخواست دی ہے کہ پانامہ لیکس کے باقی 436افراد کا بھی احتساب کیا جائے۔ ملک میں تمام افراد کرپٹ نہیں، صرف پانچ چھ ہزار لوگوں کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل میں ڈال دیا جائے تو کرپشن ختم ہوجائے گی۔ ہم ملک سے سود کے نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ عوام پر سے ٹیکسوں کا بوجھ ختم کرکے زکوۃ کا نظام رائج کریں گے، ملک میں کوئی بھوکا ، پیاسااور محروم نہیں رہے گا۔ سرمایہ داروں کا کوئی ملک اور قومیت نہیں ہوتی، اپنے مفاد کیلئے یہ بھارت ،امریکہ اور روس کی غلامی اختیار کرلیتے ہیں، ہمارے حکمران اور ان کے بچے حکومت پاکستان میں اور دولت دوسرے ملکوں میں جمع کرتے ہیں۔ آئندہ انتخابات غلامان مصطفی ۖ اور غلامان امریکہ کے درمیان ہوں گے۔ ہم کسی کرپٹ آدمی کو پارٹی ٹکٹ نہیں دیں گے، کرپٹ لوگ اگر خانہ کعبہ کے غلاف میں چھپ جائیں تو وہاں سے بھی پکڑ کر احتساب کریں گے۔ ناموس رسالت ۖ اور ختم نبوت ۖ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، اگر حکومت نے ہوش سے کام نہ لیا تو یہ رسی وزیر اعظم کے گلے تک پہنچ جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن کلاں میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان، مفتی امتیاز، ضلعی امیر زاہد محب اللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں خلافت کا نظام قائم کرنا چاہتی ، ہم اپنی یا اپنی اولاد کے لئے نہیں، اللہ کے نظام کے غلبہ کیلئے حکومت چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرامٹ کا واقعہ عدل و انصاف اور قانون کی بالا دستی کے نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا ۔ قانون مظلوم اور غریب کو تحفظ فراہم نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے ،شریفاں بی بی کو انصاف دلا کر رہیں گے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ میں ظلم و جبر کے موجودہ نظام سے بغاوت کا اعلان کرتا ہوں۔ جب تک یہ نظام مسلط ہے عام آدمی ظلم کی چکی میں پستا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران یہاں سے پیسہ لوٹ کر دوسرے ممالک میں اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں، جدھر دیکھو چور اور ڈاکو بیٹھے ہیں جو پارٹیاں اورجھنڈے بدل کر عوام کو دھوکہ دیتے ہیں۔ سینیٹرسراج الحق نے گرامٹ کا دورہ کیا اور مظلوم خاندان کو جماعت اسلامی کی طرف سے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔