راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی کی ماڈل کورٹس نے منگل کے روز 47فوجداری اور دیوانی مقدمات کا فیصلہ سناکر دیگر کیسوں میں 70افراد کے بیان بھی ریکارڈ کرلئے، قتل کے ملزم بشارت علی کو عمر قید دو لاکھ روپے معاوضہ جبکہ منشیات مقدمات میں ملوث ملزمان کو مجموعی طور پر 45ماہ قید ساٹھ ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی عدم ادائیگی جرمانہ پر اٹھارہ ماہ قید مزید بھگتنا ہوگی، مختلف مقدمات میں ملوث چار ملزم جرم ثابت نہ ہونے پر بری ہوئے جبکہ منشیات مقدمات میں ملوث چار ملزمان خرم شہزاد، آصف سعید، اظہر حسین اور حمزہ فاروق کو کمیونٹی سروسز کی سزا سنائی گئی، مختلف مقدمات میں گرفتار ہوکر اڈیالہ جیل میں قید آٹھ ملزمان کی بذریعہ ویڈیو لنک حاضری لگائی گئی، علاوہ ازیں تھانہ صادق آباد کے ایس ایچ او کی طرف سے عدالتی حکم پر پیش کئے جانے والے دس سالہ میزان کو اس کے والد وقار کے سپرد کر دیا گیا، گزشتہ روز سیشن کورٹس نے قتل کے چار مقدمات کا فیصلہ سناکر ایک ملزم کو عمر قید جبکہ قتل کے دیگر مقدمات میں بیس افراد کے بیان ریکارڈ کئے اسی طرح منشیات کے دس مقدمات کا فیصلہ سناکر دیگر میں بیس افراد کی شہادت قلمبند کی، اسی طرح سول کورٹس نے 27دیوانی مقدمات نمٹا کر دیگر میں 27شہادتیں ریکارڈ کرتے ہوئے چھ اپیلوں کا بھی فیصلہ سنایا۔