• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ سال طیارہ حادثے میں اپنی اہلیہ اور متعدد مسافروں کے ساتھ اس جہانِ فانی سے رخصت ہوکر لاکھوں دلوں کو سوگوار کر جانے والے جنید جمشید کو نہ کوئی بھول پایا ہے اور نہ آئندہ مدتوں بھول سکے گا۔

جنید جمشید کے صاحبزادے نے اپنے والد کو اس انداز میں منظوم خراج عقیدت پیش کیا ہے کہ اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر دیکھنے اور سننے والے مرحوم کے پرستاروں کے دلوں میں ناصرف ان کی یاد تازہ ہوگئی ہے بلکہ ان کے چاہنے والے پھر سے اداس اور غم زدہ ہوگئے۔

جنید جمشید کے صاحبزادے بابر نے ’میرے بابا‘ کے بولوں پر مبنی دلوں کو چھو جانے والا منظوم خراج عقیدت اپنے والد کو پیش کیا ہے۔

اس منظوم خراجِ عقیدت کی ہدایات ذیشان احمد نے دی ہیں جبکہ دھیمی، متاثر کن اور اداس کر جانے والی دھن کو شان ادمانی نے ترتیب دی ہے۔

بابر اس سے قبل اپنے والد کی پڑھی ہوئی مقبول نعتیں اور دیگر کلام جیسے الٰہی تیری چوکھٹ پہ بھکاری بن کے آیا ہوں، یہ صبحِ مدینہ، میرا دل بدل دے وغیرہ اپنی آواز میں ریکارڈ کراچکے ہیں۔

 

گزشتہ سال 7دسمبر کو چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے حویلیاں کے قریب پہاڑی علاقے میں پی آئی اے کے طیارے کے حادثے میں جنید جمشید، ان کی اہلیہ، بدنصیب جہاز کے دیگر مسافر اور عملے کے ارکان سمیت 48 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

جنید جمشید دعوت و تبلیغ کے سلسلے میں چترال گئے تھے۔

تازہ ترین