کراچی/اسلام آباد (نمائندہ جنگ/اسٹاف رپورٹر) عیدمیلادالنبی ﷺکے موقع پر یکم دسمبر کو کراچی حیدر آباد ،سکھر اور میرپورخاص میں سیکورٹی وجوہات کی بنا پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز بند رہیں گی یہ سروسز صبح 8 سے رات 10 بجے تک بند رہیں گی۔دریں اثناءکوئٹہ میں عید میلاد النبی کے سلسلے میں آج موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے محکمہ داخلہ کے مطابق کوئٹہ میں آج موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر دفعہ144 نافذ کر دی گئی ہے۔درایں اثناء محکمہ داخلہ نے پی ٹی اے کو کوئٹہ میں موبائل فون سروس صبح 8بجے سے دوپہر2بجے تک بند کرنے کی درخواست کی ہے جسے منظور کرلیا گیا ہے اس طرح جمعہ کو صبح 8بجے سے دوپہر2بجے تک کوئٹہ شہر میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔