• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکاکو واضح الفاظ میں ’’نو مور‘‘ کا پیغام دیا جائے ، سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصو صی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ امریکہ کی طرف سے ’’ڈو مور ‘‘کے کسی مطالبے پر کان دھرنے کی بجائے امریکی وزیر خارجہ کو واضح الفاظ میں ’’نو مور‘‘ کا پیغام دیا جائے تاکہ ٹرمپ انتظامیہ کو مزید کسی مطالبے کی جرات نہ ہو۔ دہشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے پاکستان اورافغانستان کو متحد ہونا پڑے گا۔دونوں ممالک معصوم لوگوں کے قتل عام کو روکنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل بنائیں ۔ امریکی پالیسیاں خطے میں دہشتگردی کو فروغ دے رہی ہیں ۔ افغانستان میں بھارتی اثر و رسوخ اور بالادستی کی امریکی کوششوں نے خطے کے امن کو تباہ کر دیاہے ۔ پاکستان میں دہشتگردی میں بیرونی قوتیں ملوث ہیں ۔ بھارت افغانستان کو سہولت کار بنا کر پاکستان میں دہشتگردی کروا رہاہے ۔خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں زرعی انسٹیٹیوٹ پشاور پر دہشتگردوں کے حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت اور شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ امریکی وزیر دفاع سخت پیغام لے کر آر ہے ہیں ۔ امریکہ کو واضح پیغام جاناچاہیے کہ اب ڈو مور کا وقت گزر گیا ۔ پاکستان اب مزید ڈو مور نہیں کرے گا ۔ امریکی پالیسیاں بھارتی مفاد میں ہیں ۔ امریکی وزیر خارجہ کو یہ باور کرانا ضروری ہے کہ جب تک امریکہ و نیٹو افغانستان میں موجود ہیں اور امریکی سرپرستی میں بھارت افغانستان کے معاملات میں مداخلت کرتا رہے گا ۔ خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔ بھارت افغان بارڈر سے اپنے تخریب کارپاکستان میں داخل کر رہاہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھے اور باہمی اعتماد کا خاتمہ ہو ۔ امریکہ کی طرف سے بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانے اور پاکستان کو دباؤ میں لانے کی پالیسی قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے ۔پاکستان نے کسی ملک کے خلاف اعلان جنگ نہیں کیا ۔ہم پشاور حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔
تازہ ترین