• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہندی فلموں میں رومینٹک ہیرو کی حیثیت سے شہرت پانے والے ششی کپور ممبئی کے اسپتال میں چل بسے، ان کی عمر 79سال تھی۔

بھارتی فلمی دینا پر عرصے سے راج کرنے والے کپور خاندان کے چشم و چراغ ششی کپورطویل عرصے سے بیمار تھے۔

ششی کپور نے قائد اعظم محمد علی جناح پر بننے والی پاکستانی فلم جناح میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائےجبکہ 100 سے زائد فلموں میں بطور ہیرو اور اہم کردار ادا کیے، وقت، دیوار، سلسلہ، شان، نمک حلال ان کی مشہور فلمیں ہیں۔

بلیک اینڈ وائٹ سینما کے نامور اداکار پرتھوی راج کپور کے کلکتہ میں واقع گھر میں 18 مارچ 1938ء کو ششی کپور پیدا ہوئے جن کا اصل نام بلبیر راج کپور تھا۔

ششی کپور نے اپنے والد پرتھوی راج کے نام سے منسوب پرتھوی تھیٹر میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، جبکہ 40 کی دہائی کے اواخر میں بطور چائلڈ ایکٹر اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا، اس دور کی نمایاں فلموں میں آوارہ، سنگرام اور دانہ پانی شامل ہیں۔

بھارتی لیجنڈ اداکار راج کپور اور شمی کپور ششی کپور کے بڑے بھائی تھے، انہوں نے برطانوی اداکارہ جینیفر کینڈل سے 1958ء میں شادی کی جو ان کی 1984ء میں ان کی موت تک قائم رہی۔

ششی کپور نے سوگواروں میں تین بچے کنال کپور، کرن کپور اور سنجنا کپور کو چھوڑا ہے۔

انہیں نمایاں اداکاری اور فلمی صنعت کی ترقی میں کردار ادا کرنے پر 2011ء میں بھارتی سرکاری ایوارڈ پدما بھوشن سے نوازا گیا۔

انہوں نے ماضی کی جن مشہور ہیروئنوں کے مقابل فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے راکھی، شرمیلا ٹیگور، زینت امان، ہما مالنی، پروین بوبی، موسمی چٹرجی وغیرہ نمایاں ہیں۔

ان کی نمایاں فلموں میں جانور اور انسان، کبھی کبھی، بسیرا، پگھلتا آسمان، دوسرا آدمی، پتنگا، آمنے سامنے، سہاگ، نمک حلال، ہیرا لال پنا لال وغیرہ شامل ہیں۔

فلم دیوار میں امیتابھ بچن سے ان کا مکالمہ بے حد مشہور اور زبانِ زدِ عام ہوا جس میں امیتابھ پوچھتے ہیں کہ تمہارے پاس کیا ہے جواب میں ششی کپور کہتے ہیں کہ میرے پاس ماں ہے۔

تازہ ترین