• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجی شعبہ سی پیک کےتحت ترقی میں کردار ادا کرے،احسن اقبال

اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و امور داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نجی شعبہ کو چین پاکستان اقتصادی راہدری کے تحت ترقی میں تیزی لانے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے فریم ورک اور مختلف مواقع کے ذریعے مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےیہاں ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام پائیدار ترقی سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سی پیک کے تحت کاروباری مواقع میں سرمایہ کاری کرے۔ صنعتوں کے بنیادی ڈھانچوں میں بہتری لائی جائے اور ویلیو ایڈڈ صنعت پر توجہ دی جائے جس سے عالمی معیشت میں مسابقتی تجارت کے لئے پلیٹ فارم میسر آئے گا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور 2030ءتک یہ 20 بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو بی سی جیسے عالمی اداروں نے بھی اعتراف کیا ہے کہ اگر پاکستان کی معاشی ترقی کی یہی رفتار رہی تو پاکستان بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی گرڈ سسٹم میں 7 ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی گئی ہے جبکہ 2018ءمیں 2500 سے 3000 میگاواٹ مزید بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا ہے۔ بجلی بحران اور گیس بحران پر قابو پا لیا ہے اور معاشی اشاریئے مثبت سمت میں گامزن ہیں۔
تازہ ترین