• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

القدس اسرائیلی دارالحکومت منصوبے کے سنگین نتائج ہونگے،سراج الحق

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان آگ سے کھیلنے کے مترادف ہوگا۔ ایسے کسی بھی اقدام کے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔ سنیٹر سراج الحق نے ترک صدر طیب اردگان اور محمود عباس کی طرف سے امریکی اعلان کو مسترد کرنے کو سراہتے ہوئے کہاکہ مسلم دنیا کا کوئی حکمران بھی اس ناپاک منصوبے میں امریکہ کی حمایت نہیں کر سکتا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے میگا ایجوکیشن ایکسپو 2017ء کے دوسرے دن طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سنیٹر سراج الحق نے کہا کہ بین الاقوامی سازش کے تحت پاکستان کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا جس کے ذمہ دار شیخ مجیب الرحمان اور بھارت کیساتھ پاکستان کی بیورو کریسی بھی ہے جس نے بنگال کے لوگوں کو دیوار سے لگایا۔ نواز شریف لبرل اور سیکولر کا نعرہ لگا کر ﷲ اور رسولؐ کو خوش کرنا چاہتے ہیں یا ٹرمپ اوربھارت کو۔ حکومت ملی تو پہلے دن سے سود کو ختم کر دونگا اور زکوۃ و عشر کا نظام عام کرونگا۔ حرام دولت پر سیاست کرنے والوں کو جیل پہنچائیں گے اور بیرونی قرضوں سے پاکستان کو نکالیں گے۔ پاکستان میں روزانہ 12ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے‘ اگر اس کو روک لیں تو روزانہ پنجاب یونیورسٹی کی طرح ایک یونیورسٹی بنا سکتے ہیں۔ دو کروڑ پچاس لاکھ بچوں کو مفت تعلیم‘ بیماروں کو علاج اور سستی بجلی مہیا کر سکتے ہیں۔ پانامہ میں نام آنے والے 436افراد کا احتساب اور الیکشن کیلئے نااہل کیا جائے۔ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم میاں صہیب الدین کاکا خیل اور سید عبدالمنان شاہ نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین