چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ باقر نجفی رپورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق شہباز شریف کا جھوٹ سامنے آگیا، طاہرالقادری احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلے تو ان کا ساتھ دیں گے۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کی بعد میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نہتے لوگوں کو گولیاں ماری گئیں اور جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین بھی تھیں، شہباز شریف اور رانا ثنااللہ کو دہشت گردی کے کیس میں اندر جانا چاہیے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم نے صاف اور شفاف الیکشن کے لئے پرامن سیاسی احتجاج کیا تو مجھ پر دہشت گردی کا مقدمہ بنادیا گیا،ان کا کہنا تھا کہ آمر کی گود میں پلنے والے ہی کسی پر اس طرح کی دہشت گردی کا کیس کر سکتے ہیں۔
اسلام آباد جلسے کے دوران سابق صدر آصف زرداری کے رقص سے متعلق سوال پر عمران خان نے کہا کہ انہیں ایسی اور پرفارمنس دینی چاہئیں۔