جڑانوالہ (ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر طاہر القادری باہر نکلیں‘ہم ساتھ دیں گے ‘پاک فوج پر فخر ہے ‘ کسی میں اتنی ہمت نہیں کہ پاکستان پر قبضہ کرنے کی کوشش کرے‘زردای نے کونسا پانی پیا تھا جسے پیتے ہی وہ جھوم اٹھے‘راناثناءاللہ‘ شہبازشریف اور نوازشریف کو جیل بھیجنے تک ان کا پیچھاکروں گا‘راناثناءاللہ شکل سے ہی قاتل لگتاہے‘آئندہ چند ماہ میں عام انتخابات ہیں ،میں الیکشن جیت کر دکھاؤں گا‘شریف خاندان اربوں کا مالک بن گیا‘ان سے سوال کرو کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا توکہتے ہیں کہ ہم تو پاکستان کے شہری ہی نہیں ۔وہ جمعہ کو جڑانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جوقدم اٹھا یا ہے مسلم دنیا اس کے قدم کی وجہ سے اکٹھی ہو جائے گی‘جب تک ایک قوم ظلم اور ظالم کے سامنے کھڑی نہیں ہو گی تو ظلم بڑھ جاتا ہے اور ایسے اقدامات ہوتے رہیں گے، شریف برادران نے دن دیہاڑے 14افراد کو قتل کروایا‘نواز شریف اور شہباز شریف کی اگلی منزل اڈیالہ جیل ہے ‘نواز شریف کا نظریہ ہے کرپشن کرو اور پیسہ کما کر ملک سے باہر بھیجو اور دوبارہ اقتدار میں آکر کمیشن بناؤ‘عمران خان نے شہباز شریف کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ان کا ڈرامہ نہیں چلے گا‘ شہباز شریف اب تمہاری باری ہے اور ہر فرعون کا وقت آتا ہے‘ آپ نے پہلے بھی پولیس کے ذریعے لوگوں کو مروایا‘ شریف برادران نے قوم کاپیسہ لوٹ کر 70کروڑ روپے رائے ونڈ محل کی دیواروں پر خرچ کیے اور 700کروڑ سکیورٹی پر خرچ کر ڈالے‘ملک کا دیوالیہ کر دیا گیا ہے‘ رانا ثنا ءاللہ شکل سے ہی قاتل لگتاہے ‘جیل اس کا مقدر ہو گی۔دریں اثناء بیت المقدس کے حوالے سے امریکی صدر کے بیان کے بعد لائحہ عمل طے کرنے کےلئے عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کا اہم ترین اجلاس بنی گالہ میں ہوا۔ اجلاس میں بیت المقدس کو اسرائیل کے دارالحکومت کے طور پر تسلیم کرنے کے امریکی صدر کے اعلان کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی، عمران خان نے اس معاملے پر قوم کو بھرپور قیادت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔