کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹھٹھہ کے ساحل پر ڈوب کر جاں بحق ہونے والے 2بچوں سمیت 5افراد کی نمازجنازہ سالار گوٹھ میں ادا کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ میں جمعرات کو زائرین کی کشتی درگاہ میں پٹھائی کے مزار پر زیارت کیلئے جانے والے زائرین کی کشتی ڈوب گئی تھی جس میں 15سے زائد افراد ڈوبنے کی وجہ سے ہلاک ہوگئے تھے، ڈوبنے سے جاں بحق ہونے والے 2بچوں سمیت 5افراد کی اجتماعی نمازہ بعد نماز جمعہ گھگھرپھاٹک آنچار سالار گوٹھ میں ادا کی گئی، پولیس نے بتایا کہ متوفین میں 5سالہ اویس ولد محراب الدین، 4سالہ یاسر ولد یاسین، 35سالہ خاتون وزیران زوجہ عبدالحفیظ،28سالہ مقصود ولد احمد علی سالار، 31سالہ بلاول ولد رستم جوکھیو شامل ہیں، پولیس نے مزید بتایا کہ نماز جنازہ سالار گوٹھ کے گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں متوفین کے عزیز و اقارب سمیت علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بعد نماز جنازہ میتوں کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔