• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامی فوجی اتحاد اپنی پوزیشن واضح کرے،سراج الحق

Todays Print

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے بیت المقدس کا اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے فیصلے کے خلاف کراچی میں ملین مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیت المقدس عرب اور اسرائیل کا مسئلہ نہیں یہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے،ٹرمپ کا فیصلہ عالم اسلام کے خلاف کھلی جنگ کا اعلان ہے،عالم اسلام کے حکمران بزدل اور بے حس ہو سکتے ہیں لیکن کراچی سے جکارتا تک مسلم امہ بیدار ہے۔مسلمان ممالک کی فوج کا اتحاد اپنی پوزیشن واضح کرے کہ یہ اتحاد کس غرض سے بنایاگیا ہے۔ہم ٹرمپ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں،ٹرمپ امریکا کا گوربا چوف ثابت ہوگا۔مسلم دنیا فیصلے کے خلاف ایکشن پلان مرتب کرے،مسلم ممالک میں امریکی سفارت خانے بند کیے جائیں اور امریکا کے معاشی بائیکاٹ کا اعلان کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیت المقدس کو اسرائیلی درالحکومت قرار دینے کے فیصلے کے خلاف جماعت اسلامی(حلقہ خواتین)کراچی کے تحت نیو ایم اے جناح روڈ پر ہونے والے خواتین کے ایک بہت بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن،نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی،قائم مقام سیکریٹری حافظ عبد الواحد شیخ نے خطاب کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی(حلقہ خواتین)پاکستان کی سیکریٹری دردانہ صدیقی اور دیگر خواتین رہنما بھی موجود تھیں۔سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بیت المقدس کے تحفظ کے لیے اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہا دیں گے یہ کوئی جذباتی بات نہیں ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے،کراچی امت مسلمہ کا دھڑکتا ہوا دل ہے،پوری دنیا کی طرح یہاں کے عوام بھی جاگ رہے ہیں 17دسمبر کو یونیورسٹی روڈ پر لاکھوں کی تعداد میں مردو خواتین بزرگ بچے اور جوان سڑکوں پر نکل کر ملین مارچ کریں گے اور فلسطینی عوام کو یہ پیغام دیں گے کہ وہ تنہا نہیں ہیں عالم اسلام ان کے ساتھ ہے۔

تازہ ترین