• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کے ساتھ جو ہورہا ہے اس کی وجہ چوہدری نثار ہیں،ڈاکٹر عاصم

Todays Print

لندن( مرتضیٰ علی شاہ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما پیٹرولیم کے سابق وزیر ڈاکٹر عاصم نے کہاہے کہ میں چوہدری نثار کی بنانا ری پبلک کا جیتاجاگتا ثبوت ہوں وزارت سے ہٹنے کے بعد وہ جس کی مذمت کررہے ہیں،انھوں ایک انٹرویو میں کہا کہ چوہدری نثارمیڈیا میں بیانات اورسازشوں کے ذریعے نواز شریف کو نقصان پہنچانے کے خفیہ ایجنڈے پر کام کررہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو بنانا ری پبلک قرار دینا چوہدری نثارکو زیب نہیں دیتا، انھوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کی حیثیت سے چوہدری نثار نے پاکستان کو بنانا ری پبلک بنانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ انھوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ پاکستان کبھی بنانا ری پبلک نہ بنے لیکن اگر خدانخواستہ ایسا ہواتو اس میں چوہدری نثار کابڑا کردار ہوگا۔ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کو کچلنے کی کوششوں کے ذمہ دار ہیں جس کی ابتدا میری ذات سے کی گئی، انھوں نے مجھے گرفتار کیااور مجھ پر جھوٹے مقدمات قائم کرائے ، اور جھوٹے الزامات کے تحت21ماہ جیل میں قید رکھنے کی پشت پر وہی کارفرما تھے، وہ اپنے ماضی سے لاتعلقی کی کوشش نہیں کررہے ہیں لیکن ان کے دور میں کوئی انصاف ،خداترسی ،کوئی شفافیت نہیں تھی، انھوں نے کہاکہ بنانا ری پبلک اس وقت وجود میں آتی ہیں جب حکمراں خود کو بہت زیادہ طاقتور اور بہت زیادہ مغرور ہوجاتے ہیں، چوہدری نثار منظر پر رہنے کی کوشش کررہے ہیں اور بنانا ری پبلک کے بارے میں بیانات دے رہے ہیں۔ انھوں نے الزام لگایا کہ چوہدری نثار غیر جمہوری طریقے سے چوردروازے سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ جمہوریت کے خلاف ہیں اور جمہوری نظام پر یقین نہیں رکھتے، پاکستان پیپلزپارٹی خاص طورپر آصف علی زرداری کو بدنام کرنا ان کاکل وقتی کام ہے انھوںنے دعویٰ کیا کہ آج جو بھی نواز شریف کے ساتھ ہورہاہے وہ ان کی وجہ سے ہورہاہے اور نواز شریف کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے۔تمام سیاسی قوتیں ان ہی کی وجہ سے نواز شریف کو تنہا چھوڑ گئی ہیں،انھوں نے کہا کہ نواز شریف کوچوہدری نثار سے ہوشیار رہنا چاہئے،انھوں نے کہا کہ انھوںنے پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے صدر کی ذمہ داریوں سے اس لئے استعفیٰ دیا کہ یہ ایک کل وقتی کام ہے اس کیلئے ایسے آدمی کی ضرورت ہے جوپارٹی کیلئے اپنے فرائض انجام دے سکے ، لندن میں میرا علاج طویل ہوسکتاہے اور ملک کی سیاسی صورتحال کے پیش نظر اس کام کیلئے کل وقتی شخص کی ضرورت ہے ، میں نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی وجہ سے یہ عہدہ قبول کیاتھا، انھوں نے کہا کہ علاج مکمل ہونے کے بعد میں پاکستان واپس چلاجائوں گا۔اور پارٹی مجھے جو ذمہ داریاں دے گی وہ ادا کروں گا۔ ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ ڈاکٹرطاہر القادری سے آصف زرداری کی ملاقات بالکل درست ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیاست میں حیرت انگیز باتیں ہوتی ہیں اور زرداری نے کچھ غلط نہیں کیا سیاستداں ہر طرح کے لوگوں سے ملتے رہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھائیوں کی آپس میں لڑائی ہوتی رہتی ہے اور پھر وہ ایک ہوجاتے ہیں۔ آصف زرداری وہی کرنے کی ہرممکن کوشش کررہے ہیں جو پاکستان کیلئے بہتر ہو اور اس کام میں انھیں پارٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ 

تازہ ترین