نارووال /بدوملہی(نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ 4، 5 استعفوں سے فرق نہیں پڑتا، اسمبلیاں توڑ کر دھاندلی کرانیکا منصوبہ ہے،ملک کی خدمت کرنے والے لیڈر کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں،عمران خان ایک اناڑی سیاستدان ہے‘ وہ صرف دھرنے دے سکتے ہیں ملک کو کیا چلائیں گے‘ وہ خیبرپختونخوا میں ایک بھی میگ واٹ پروجیکٹ شروع نہیں کرسکے‘ آصف زرداری نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے،اصف زرداری کے پانچ سال ڈرائونا خواب تھے، دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، ملک سے بجلی کے بحران کا خاتمہ ہوچکا ہے۔ وہ اتوار کے روز مختلف منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سبزی منڈی میں افتتاحی منصوبے کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھرنے صرف ملکی ترقی روکنے کیلئے دئیے جا رہے ہیں، پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سازشیں جاری ہیں۔ عمران خان اناڑی سیاستدان ہیں وہ ملک کیا چلائیں گے؟انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف تقریریں اور دھرنے دے سکتے ہیں، مخالفین ٹانگیں کھینچتے رہیں، مدت پوری کریں گے، 2018ء میں مسلم لیگ ن دوبارہ منتخب ہو کر حکومت بنائے گی۔ ماہیانوالہ میں سوئی گیس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےاحسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف کو جتنا مائنس کریں گے وہ اتنا ہی پلس ہو گا ، دھرنے دینے والے اگلے پانچ سال بھی دھرنے ہی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کی حکومت نیک نیتی سے عوام کی خدمت کر رہی ہے عوام سے مل کر اکستان کو دنیا کا عظیم ملک بنائیں گے۔عمران خان اناڑی سیاستدان ملک کو جنت بنانے کے خواب دکھا رہا ہے اسے کیا پتہ کہ سڑکیں ہی ترقی کا پہلا زینہ ہوتی ہیں سازشی ٹولہ عوام کولڑانا چاہتا ہے اور یہ الیکشن کا دورانیہ لمبا کرنا چاہتے ہیں لیکن عوام جمہوریت کی حفاظت کریں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ ختم نبوت پر قوم کو لڑانے کی کوشش کی گئی،ہم نے پاکستان کو ایران و عراق بنانے کی کوشش ناکام بنائی۔