اسلام آباد(اے پی پی) وزیرمملکت اطلاعات و نشریات، قومی و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب نے آج پھر وہی گھسا پٹا ریکارڈ چلایا ، وہ اپنی تقریروں سے اپنے آپ کو بیوقوف بنا رہے ہیں ، بتائیں پچھلے ساڑھے چار سال میں آپ نے کتنے بجلی کے پراجیکٹس لگائے، بتائیں 350 چھوٹے ڈیم کہاں ہیں ؟عمران صاحب قوم کو بتائیں میٹرو بس کہاں ہے ؟ بتائیں احتساب کمیشن کا تالا کب کھولیں گے، عمران صاحب آپ نے پچھلے ساڑھے چار سال میں رونے جھوٹ بولنے اور گالیاں دینے کے علاوہ کچھ نہیں کیا‘ عمران خان صاحب اب توان شاءاللہ اورنج ٹرین بھی مکمل ہو جائے گی، آپ کا کیا ہوگا،عمران صاحب اگلی تقریر میں خیبرپختونخواہ میں اپنی حکومت کی کارکردگی پہ صرف تین لائنیں بول کے دکھائیں ۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران صاحب پچھلے چار سال میں آپ نے جتنے جھوٹ بولے ہیں اتنا کام کرتے تو کے پی کے کے لوگ آپ کے خلاف بنی گالا کے باہر احتجاجی مظاہرے نہ کرتے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب پوری قوم آپ کی کرپشن، منی لا نڈرنگ، جوئے کے پیسے، پارٹی فنڈنگ ،پارلیمنٹ پر حملہ، پی ٹی وی پر حملہ کے کیسز میں انسداد دہشت گردی کی عدالت ،الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے۔عمران صاحب آپ سے خیبر پختونخواہ میں میٹرو اور بس سروس تو بن نہ سکی اب رکشہ سروس ہی شروع کروا دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب اگلی تقریر میں خیبرپختونخواہ میں اپنی حکومت کی کارکردگی پہ صرف تین لائنیں بول کے دکھائیں ،عمران صاحب اگلی جلسی میں گن کے بتائیں پچھلے ساڑھے چار سال میں کتنے جھوٹ بولے۔