راولپنڈی،نوشہرہ (نمائندہ جنگ،ایجنسیاں) جماعت اسلامی کے زیر اہتمام فاٹا انضمام لانگ مارچ دوسرے مرحلے میں پبی، نوشہرہ، آکوڑہ خٹک ،جہانگیرہ ، خیر آباد پل، اٹک خورد،حسن ابدال اور ٹیکسلا سے ہوتا ہوا راولپنڈی پہنچ گیا ہے،مارچ کے شرکاء آج صبح ساڑھے دس بجے فیض آباد پر اکھٹے ہونگےجہاں سے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں براستہ زیروپوائنٹ پارلیمنٹ کی طرف جائیں گے،احتجاجی شرکاء کے ساتھ راولپنڈی اسلام آباد سے بھی جماعت اسلامی کے کارکن فیض آباد سے شامل ہوںگے، لانگ مارچ کا آغاز المرکزالا سلا می پشاور سے ہواتھا ،مارچ جب نوشہرہ پہنچا تو وہاں جلسہ کا انعقاد کیا گیا ،جلسہ سےخطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے کہا کہ ہم فاٹا سے صرف ایف سی آر کا خاتمہ ہی نہیں خیبر پختونخوا میں فاٹا کا انضمام بھی چاہتے ہیں، انشاء اللہ اسلام آباد پہنچنے سے قبل ہی حکومت ایف سی آر ختم کردے گی۔