• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی جماعتوں سے صرف انصاف کیلئے گفتگو ہو رہی ہے، طاہر القادری

لاہور(خصوصی رپورٹر‘لیڈی رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور قائدین سے صرف سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف حاصل کرنے کے لیے گفتگو ہو رہی ہے اور ان کی ہمیشہ کی طرح غیر مشروط حمایت ملی ہے ۔ پانامہ جیسی غیر جانبدار جے آئی ٹی بننے کی دیر ہے’’مجھے کیوں نکالا ‘‘کا واویلا کرنیوالے نواز شریف بھی دھر لئے جائیں گے کیونکہ ان کی منظوری سے مشتاق سکھیرا قتل و غارت گری کیلئے کوئٹہ سے لاہور لائے گئے۔ وکلاء اور پارٹی قائدین کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ ماڈل ٹاؤن کے انسانی المیہ پر تمام اپوزیشن جماعتیں متحد اور شہداء کے ورثاء کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں ۔جسٹس باقر نجفی کمیشن نے شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کے قاتلانہ کردار کو کھل کر بے نقاب کر دیا ہے۔رپورٹ کے حوالے سے قاتل حکمرانوں کے ’’قاتلانہ ترجمے‘‘ اور غلط بیانیاں قانونی، سیاسی، عوامی حلقوں نے مسترد کر دیں۔شہباز حکومت کا بیانیہ عدالت عالیہ میں بھی مسترد ہو چکا۔اب خیر اسی میں ہے کہ شہباز شریف ،رانا ثناء اللہ عہدوں سے الگ ہو جائیں ، قاتلوں کو استعفے دینے پڑیں گے ۔ جب سے نجفی کمیشن کے حقائق قوم کے سامنے آئے ہیں وزیر اعلیٰ پنجاب کی نیندیں ا ڑی ہوئی ہیں اور انہیں رپورٹ میں رقم حقائق کی تردید کی جرات بھی نہیں ہو سکی۔حکمرانوں کا کوئی سازشی پروپیگنڈہ اور انتقامی ایجنڈا انصاف کی جدوجہد میں رکاوٹ نہیں بن سکے گا۔شہباز شریف نے کمیشن کے اختیارات محدود کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔اس کے باوجود شواہد اتنے واضح تھے کہ قاتلوں کے نام ازخود ابھر کر سامنے آ گئے ۔انہو ں نے کہا کہ نجفی کمیشن نے جو حقائق بے نقاب کئے ہیں انکی روشنی میں قانونی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا نے کا وقت آ گیا ۔وہ پولیس افسرا ن جو سانحہ میں ملوث ہیں اور انسداد دہشتگردی کی عدالت میں تاریخیں بھگت رہے ہیں انکے پاس بھی ابھی وقت ہے کہ وہ قربانی کا بکرا بننے کی بجائے سچ اگل دیں ۔قاتل حکمرانوں نے پہلے بھی بہت الزام تراشی کی اور الٹا لٹکنے کے باوجود شہدائے ماڈل ٹاؤن کے غریب ورثاء کو نہ خرید سکے نہ ڈرا سکے اب بھی وہ اپنے مذموم اور گھناؤنے منصوبوں میں کا میاب نہیں ہو سکیں گے اب تو انکی مہلت بھی ختم ہو گئی ہے ۔14دسمبر کا وکلاء کنونشن انتہائی اہم ہے ۔پاکستان بھر سے نمائندہ وکلاء شریک ہوں گے۔مزید برآں اکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے ذیلی پروجیکٹس ایگرز اور وائس کے زیراہتمام لیڈیزچلڈرن کمپلیکس لاہور میں 2روزہ کڈز میلاد فیسٹول کے آخری روز دورہ کیا ،انکے ہمراہ خواتین رہنما فضہ حسین قادری ،فرح ناز ،عائشہ مبشر،افنان بابر،زینب ارشد،ایمن یوسف و دیگر شریک تھیں۔ سابق قومی کرکٹ عبد القادر،چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین ،آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبر غلام محی الدین دیوان،جہاں آراء وٹو، وجاہت یوگی ، کورین سماجی رہنماکنگ چل میتھونے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ صحت مند،تربیتی،اصلاحی،تعمیری،تفریحی سرگرمیوں کی آج ضرورت ہے پہلے نہیں تھی ،بالخصوص بچوں اور خواتین کی تعلیمی ،تفریحی سرگرمیوں پر اشد توجہ کی ضرورت ہے ۔تحریک منہاج القرآن نے 35سال قبل خواتین کی امپاورمنٹ کیلئے جدوجہد کا آغاز کیا ۔
تازہ ترین