وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہےکہ اگر سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا کام نہیں ہوا تو الیکشن کو التوا کرنے کی سازش کامیاب ہوجائے گی ۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عوام یہ کہنے میں حق بجانب ہوں گے کہ سیاسی جماعتیں طویل نگراں سیٹ اپ کا آلہ کار بن رہی ہیں ،الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کے کام کے لیے پانچ سے چھ ماہ درکار ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ یہ 2013کا پاکستان نہیں ہے،دہشت گردی کی کمر توڑدی گئی ہے ،کراچی میں بھتا خوری اور ٹارگٹ کلنگ پر قابو پالیا گیا ہے،کراچی کے کھیل کےمیدان بھی آباد ہو رہے ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بجلی کے بحران پر قابو پالیا ، کوئی بھی حکومت مفت میں بجلی فراہم نہیں کرسکتی،کے الیکٹرک بجلی چوری روکنے کیلیے مزید اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کے دشمن پاکستان میں سیاسی عدم استحکام چاہتے ہیں ،جمہوری قوتیں پاکستانی کی ترقی کے لیے کام کریں،امید ہے تمام ادارے تعاون کریں گے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی کو پرامن اور ملک کا اقتصادی انجن بنایا جانا چاہیے،کراچی میں جن افراد نے جرائم میں حصہ لیا،قانون کےمطابق کارروائی ہوگی،مطلوب افراد کی حوالگی کےلیے ممالک سے رابطہ میں ہوتے ہیں۔