سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہےکہ سپریم کورٹ بابا ہے مگر اسے پیدا پارلیمنٹ نے کیا، عدلیہ کے فیصلوں پر تنقید کا حق ہے، 16 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، کوئی جتنی مرضی کوشش کرلے اسمبلیاں مدت پوری کریں گی ۔
ملتان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں جاوید ہاشمی نے کہا کہ بدقسمتی سے جب بھی آئین توڑا گیا اس غیر آئینی اقدام کو عدلیہ نے تحفظ دیا، پارلیمنٹ ماں ہے، جس نے آئین کو جنم دیا، سب کو احترام کے ساتھ آئین کے سامنے سر جھکانا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کو بہت پہلے استعفیٰ دے دینا چاہئے تھا، اے ٹی ایم مشین پی ٹی آئی لیڈر کے دماغ میں ہے ، ایک جہاز والا گیا ہے تو دوسرا تیار ہے، جو جتنا مرضی زور لگا لے الیکشن وقت پر ہوں گے۔
مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ نئے عمرانی معاہدہ کا موقع ہے، سب رہنما سر جوڑ کر بیٹھیں تاکہ مسائل ختم ہوں۔
سینئر سیاستدان نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ، مشرقی پاکستان میں ہمارے بھائی ہم سے خفا ہوکر جدا ہوئے اور اسی دن ہمارے بچوں کو محفوظ ترین علاقے میں بیدردی سے مارڈالا گیا۔