راولپنڈی(این این آئی)سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے پاکستان کی تاریخ کے انتہائی اہم موڑ پر ہمیں جوش سے زیادہ ہوش سے کام لینا ہوگا‘ مسلم لیگ (ن )کو خود بھی بے یقینی کے ماحول سے نکلنا ہوگا اور ملک کو بھی اس کیفیت سے نکالنا ہوگا‘گوں مگوں کی پالیسی کسی کے مفاد میں نہیں ۔ ہفتہ کو یہاںتقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ بار بار کہا جاتا ہے کہ ہم اداروںسے تصادم کی پالیسی پر عمل پیرا نہیں مگر ہمارے بیانات ایک محاذ آرائی اور تصادم کی کیفیت پیدا کر رہے ہیں‘یہ صورتحال کسی بھی حوالے سے ملکی مفاد میں نہیں ‘میں نے بار ہا کہا تھا کہ اگر ایک عدالت کے فیصلے پر اطمینان نہیں تو دوسری عدالت سے انصاف مل سکتا ہے‘حدیبیہ کیس کے فیصلے کے بعد کیا یہ بات صحیح ثابت نہیں ہوئی ۔ مجھے نہیں معلوم کہ حدیبیہ کیس پر اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے پر ہم کیا کہیں گے ٗ پاکستان کی تاریخ کے انتہائی اہم موڑ پر ہمیں جوش سے زیادہ ہوش سے کام لینا ہوگا اور قوم کو ایک مثبت اور پر امید راستے پر لگانا ہوگا‘ مزید برآںچوہدری نثار علی خان نے چکری روڈ کشادگی و بحالی کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔ منصوبہ 82کروڑ کی لاگت سے مکمل ہواہے۔