امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جب تک ایک مسلمان بھی زندہ ہے بیت المقدس اسرائیل کا دارالحکومت نہیں بن سکتا ،پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت ہے ۔
بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اعلان کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کے نیپا سے حسن اسکوائر تک کئےگئے القدس مارچ میں خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
مارچ سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی نےتجویز دی کہ اسلامی ممالک کرنسی ایک کرلیں، اپنی افواج کو ایک کمانڈ میں دے دیں ، اسلامی فوجی اتحاد کے ایجنڈے میں القدس کی آزادی سرفہرست ہونی چاہیے۔
سراج الحق نے کہا کہ امت کو مسلک اور لسانیت کی بنیاد پر تقسیم کرنا دشمن کی سازش ہے،آج عالم اسلام منتشر اور آپس میں دست و گریباں ہے،2018ء فلسطین کی آزادی اور پاکستان میں اسلامی انقلاب کا سال ہے ۔
ان کامزید کہناتھاکہ آج کراچی میں لاکھوں کے جلسہ عام نے پیغام دیا ہم بھی القدس کے ساتھ ہیں ،بیت المقدس اور کشمیر کی آزادی کے لئے امت کو جرات مند قیادت کی ضرورت ہے ۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ بیت المقدس ،کشمیر کے لیے عالم اسلام کو ایک ہوناچاہیے ،دشمن چاہتا ہے کہ نئی نسل جہاد سے بے گانہ ہوجائے ،ہم مرنے کے لیے تیار ہیں لیکن فلسطین اور القدس کسی بھی صورت چھوڑنے کو تیار نہیں ۔
انہوں نے امریکی اعلان کی واپسی تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہم جھکنے ، ڈرنے اور بکنے والے نہیں ، ہمارے حکمران سورہے ہیں لیکن ہم جاگ رہےہیں ، عالم اسلام کا ہر بچہ شیر ہے ، لیکن شیروں کی قیادت بزدلوں کے ہاتھ ہے۔