• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ژوب میر علی خیل شاہراہ کو منصوبے کے مطابق مکمل کرنیکا مطالبہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان عوامی تحریک کے چیئرمین فضل امین مندوخیل نے کہا ہے کہ ژوب میرعلی خیل شاہراہ کو اصل منصوبے کے مطابق جلد مکمل نہ کیا گیا تو پورے پشتون بیلٹ میں احتجاج شروع کرینگے،حکام بالاصورتحال کا نوٹس لیکر کام دوبارہ تیزی سے شروع کرائیں،گزشتہ 25 سال کے ژوب کو ایک کھرب سے زائد کے فنڈز مل چکے ہیں مگر علاقے میں ترقی کا نام و نشان تک نہیں ، یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ ژوب میرعلی خیل شاہراہ منصوبے کو بارہ سال کا عرصہ ہو چکا مگر 101 کلومیٹر طویل سڑک اتنے عرصے میں مکمل نہیں ہو پائی اور اس کی لمبائی بھی 70 کلومیٹر کردی گئی ہے ، منتخب نمائندوں کی عدم دلچسپی کے باعث ژوب نظر انداز علاقہ ہے ، الیکشن کے دنوں آکر منتخب ہونے والے غائب ہوجاتے ہیں ، ژوب کو 25 سال میں ایک کھرب سے زیادہ کے فنڈز مل چکے ہیں مگر ترقی نہ ہونے کے برابر ہے ، اس کے علاوہ اگر ہم مسائل کا گننا شروع کریں تو گنتے گنتے دن گزر جائیگا ، انہوں نے کہاکہ علاقے کی ترقی کیلئے میرعلی خیل شاہراہ اہم ہے ، اس سے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کا سفر انتہائی مختصر ہوجائے گا لیکن بدقسمتی سے اس روٹ پر بھی کئی بار کام رک چکا ہے اب بھی نوبت یہاں تک آگئی ہے کہ ٹھیکیدار نے مشینری وہاں سے منتقل کرنا شروع کردیہے ، انہوں نے کہاکہ شاہراہ مکمل نہ ہونے کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،انہوں نے کہا کہ روڈ کو مکمل کرنے کے کئی بار وعدے کیے گئے مگر اب سڑک کی لمبائی اور چوڑائی بھی کم کردی گئی ہے ، انہوں نے اپیل کی کہ اس اہم شاہراہ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے خوشحال بلوچستان پروگرام میں شامل کیا جائے ورنہ علاقے کے عوام مجبور ہو کر بھرپور احتجاج کرینگے ۔
تازہ ترین