مخدوم جاوید ہاشمی کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے معاملات طے پا گئے،باضابطہ اعلان دسمبر کے آخری ہفتہ میں متوقع ہے ۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کلثوم نواز سے بھی رائے لی، جن کا کہنا ہے کہ مخدوم جاوید ہاشمی میرے بھائی ہیں، ان کو واپسی کا خیرمقدم کروں گی ۔
جیو نیوز کو اعلی سطح کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پارٹی کے سابق سینئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی پارٹی میں واپس شمولیت کے معاملات طے پا گئے ہیں اور دسمبر کے آخری ہفتے میں ان کی باضابطہ شمولیت متوقع ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مخدوم جاوید ہاشمی نے نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو ملتان کے دورہ کی دعوت بھی دے دی ہے۔
رواں ماہ کے آخری ہفتے میں نواز شریف اور مریم نواز کی ملتان آمد کا امکان ہے ،اس موقع پہ مخدوم جاوید ہاشمی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیرا عظم نوازشریف نے جاوید ہاشمی کی پارٹی میں دوبارہ شمولیت بارے اپنی اہلیہ کلثوم نوازسے بھی رائے معلوم کی ہے، جس پہ انہوں نے اتفاق کیا اور کہا کہ مخدوم جاوید ہاشمی ان کے بھائی ہیں،ان کی پارٹی کے لیے بہت خدمات ہیں وہ ان کی واپسی کا خیر مقدم کریں گی۔
مخدوم جاوید ہاشمی نواز شریف کی گزشتہ دنوں لندن روانگی سے قبل اسلام آباد میں ان سے ملاقات بھی کر چکے ہیں، جس میں ان کی مسلم لیگ ن میں واپسی کے معاملات پہ بات چیت کی گئی تھی،اس وقت مریم نواز نے انہیں ’ویلکم بیک ہوم ‘بولا تھا۔