کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس 30دسمبر کو سکھر میں ہوگا جہاں ان دنوں قومی ہاکی چیمپئن شپ کھیلی جارہی ہے، ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ایچ ایف کے آئندہ انتخابات پر بھی غور کیا جائے گا اور اس حوالے سے حکمت عملی کی منظوری لی جائے گی، انتخابات سے قبل کلبوں کی اسکروٹنی کے لئے کمیٹی قائم کی جائے گی۔اجلاس میں پی ایچ ایف کی انضباطی کمیٹی، آئینی کمیٹی ، الیکشن کمشنر، انتخابات کی نگرانی کے لئے آبزور کے ناموں پر بھی غور ہوگا، پی ایچ ایف کے انتخابات قومی اسپورٹس پالیسی کے تحت کرائے جائیں گے، اجلاس میں پی ایچ ایف کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے پچھلے فیصلوں کی بھی منظوری دی جائے گی،پی ایچ ایف کے انتخابات کا آغاز جنوری میں متوقع ہے پہلے مرحلے میں کلبوں کی اسکروٹنی جس کے بعد ڈویژنل اور صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنوں کے انتخابات ہونگے اس کے بعد پی ایچ ایف کےانتخابات ہونگے۔