• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز اپنی سوچ کے مطابق کام کرسکیں گے، تبھی نامزدگی مثبت ہوگی، چوہدری نثار

Todays Print

اسلام آباد (جنگ نیوز) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما چوہدری نثار علی خان نے قومی اداروں کو نشانہ بنانے کو غیرسیاسی عناصر کا بیانیہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کی پارٹی کے وزیراعظم کے امیدوار کی نامزدگی کا فیصلہ تبھی مثبت ثابت ہو سکتا ہے جب انہیں ان کی سوچ اور صلاحیت کے مطابق کام کرنے دیا جائے، کوئی سیاسی کارکن عدلیہ مخالف تحریک کا حصہ بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ٹوئٹس اور ٹکرز کے ذریعے نہیں چلائی جاتیں اور نہ ہی غیر سیاسی لوگوں کے فیصلے مسلط ہونے سے جماعتوں کی ساکھ بہتر ہوتی ہے، وہ اس شخص کو سیاستدان نہیں سمجھتے جس نے مقامی کونسل کا الیکشن بھی نہ لڑا ہو اور ایسے غیر سیاسی لوگوں کو رائے اور مشورہ دینے کا حق ضرور ہے لیکن مسلم لیگ (ن) پراپنی رائے مسلط کرنے کی سراسر گنجائش نہیں ہے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ مسلم لیگ ن بطور سیاسی و حکمران پارٹی ایک انتہائی نازک دور سے گزر رہی ہے اس لیے اس وقت جوش سے زیادہ ہوش سے فیصلے کرنے کی اشد ضرورت ہے اور ان فیصلوں کے پیچھے سیاسی مشاورت کی بھی اتنی ہی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر تصادم کی پالیسی کے اس لیے خلاف ہیں کیونکہ اپنی تمام تر توجہ سیاسی مخالفین پر رکھنی چاہیے اور غیر ضروری تنازعات میں الجھنے سے گریز کرنا چاہیے۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کوئی بھی سیاسی کارکن عدلیہ مخالف تحریک کا حصہ بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) صرف ایک سیاسی جماعت ہی نہیں بلکہ ایک جمہوری پارٹی بھی ہے اورمجھے ہمیشہ اس بات کا اطمینان ہی نہیں بلکہ خوشی بھی رہی ہے کہ اس پارٹی میں اظہار رائے کی جتنی آزادی ہے وہ کسی اور پارٹی میں نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاید میری مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تقریبا 33سالہ رفاقت کی بنیادبھی یہی ہے مگر میں سمجھتا ہوں کہ اس اظہاررائے کی آزادی کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔

تازہ ترین