کوئٹہ( سٹی ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے عہدیداورں نے شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کو انکی دسویں برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں ہونے والے جلسے میں بلوچستان سے کارکن بھر پور شرکت کرینگے ، یہ بات کوئٹہ سٹی کے صدر ملک ذیشان حسین ، جنرل سیکرٹری سردار زادہ حیدر علی اور سیکرٹری اطلاعات عصمت اللہ کاکڑ نے ہفتہ کو پی پی پی میڈیا سیل میں کوئٹہ سٹی کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اجلاس میں شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے پروگرام میں شرکت کے لئے روانگی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک ذیشان ، حیدرعلی اور عصمت اللہ کاکڑ نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے غریب اور متوسط طبقے کے حقوق اور ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ، لیکن اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا ، انہوں نے اپنی جان کی پرواہ نہیں کی ، انہوں نے کہا کہ 27 دسمبر کو شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی اور کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر سے کارکنوں کا قافلہ پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک ، جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی کی قیادت میں 26 دسمبر کو گڑھی خدا بخش کیلئے روانہ ہوگا کارکن بھرپور شرکت کریں ۔