لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ قائداعظمؒ کے وژن پر عمل کیے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا ۔ پاکستان کو قائداعظمؒ کے اصولوں اور فرمان کے مطابق چلانے کی راہ میں حکمران سب سے بڑی رکاوٹ ہیں ۔ ملکی تاریخ کے 70 سال محرومیوں اور مجبوریوں کی ناقابل فراموش داستان ہیں ۔ تحریک پاکستان میں مسلمانان ہند نے رنگ و نسل ، برادری اور مسلکوں سے بالاتر ہو کر حصہ لیا ۔ عوام کے حقوق غصب کرنے والے عوامی نمائندے نہیں غاصبوں کا ٹولہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے فرمان کے مطابق پاکستان کی تعمیرکرنا ہے ۔ قائداعظمؒ نے پور ی زندگی اپنے اصولوں سے انحراف نہیں کیا، وہ پاکستان میں عدل و انصاف پر مبنی آئین کی بالادستی کا نظام چاہتے تھے ۔ قائداعظمؒ نے قرآن کو پاکستان کا دستور قرار دیا اور کہاکہ ہمارا مقصد محض زمین کا ایک ٹکڑا حاصل کرنا نہیں ، بلکہ ہم پاکستان میں اسلامی نظام حکومت کا نفاذ اور پاکستان کو اسلام کی تجربہ گاہ بنانا چاہتے ہیں ۔ سراج الحق نے کہاکہ موجودہ حکمران قطعا ً عوام کی نمائندگی کا دعویٰ نہیں کرسکتے ۔ عوام بجاطور پر حکمرانوں کو ہی اپنے تمام مسائل کا ذمہ دار سمجھتے ہیں ۔ حکمرانوں نے اپنی نااہلی اور کرپشن سے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی سے محروم کر رکھاہے ۔ جمہوریت کا راگ الاپنے والے خود اپنی پارٹیوں میں جمہوریت کو برداشت نہیں کرتے ۔ حکمران رہنے والی دونوں جماعتوں کے سربراہوں نے جمہوریت کو مذاق بنایا ہوا ہے ۔ وہ اپنی ہی جماعتوں کو ذاتی جاگیر یں اور خاندانی پراپرٹی سمجھتے ہیں اور کوئی غریب پارٹی ورکر کو کسی منصب پر نہیں پہنچنے دیتے ۔سراج الحق نے کہاکہ نہ صرف نوازشریف بلکہ پاناما لیکس کے دیگر 436 کرداروں ، بنکوں سے اربوں روپے قرض لے کر معاف کرانے اور این آر او جیسے کالے قانون سے فائدہ اٹھانے والوں کا بھی محاسبہ کیا جائے ۔ جماعت اسلامی کی کرپشن کے خلاف جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہو کر رہے گی ۔