نوڈیرو، کراچی (نامہ نگار، اے پی پی) سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی (آج)بدھ کومنائی جائیگی، گڑھی خدابخش میں مرکزی تقریب کیلئے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ برسی کے موقع پر مرکزی جلسہ عام گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں منعقد ہوگا جس سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر مرکزی رہنما اور صوبائی صدور و گلگت، بلتستان اور کشمیر کے صدور خطاب کریں گے۔برسی کی تقریب اور جلسے میں شرکت کیلئے کشمیر گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں سے جیالے قافلوں کی صورت میں گڑھی خدابخش پہنچنا شروع ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیر اعظم شہید بے نظیر بھٹو کی دسویں برسی کی تقریب کے انتظا ما ت مکمل کرلیے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں کراچی، حیدرآباد، خیرپور، نوابشاہ، شکارپور،جیکب آباد سمیت صوبے کے مختلف اضلاع سے پولیس کے ہزاروں اہلکاروں کو طلب کرکے نوڈیرو اور گڑہی خدا بخش بھٹو میں تعینات کردیا گیا ہے۔دوسری جانب گڑہی خدا بخش بھٹو میں شہیدوں کی قبروں پر پنجاب، خیبر پختونخواہ، بلوچستان سمیت سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں سے جیالوں قافلے کی صورت میں بسوں، کاروں اور ویگنوں کے ذریعہ بے نظیر بھٹو اور دیگر شہیدوں کی قبروں پر حاضری دے رہے ہیں۔