اسلام آباد (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس وقت نہیں رہا جلد فاٹا اصلاحات پر عمل کرے،غیر منطقی حل ٹھونسنے کی کوشش کی گئی تو فاٹاکے عوام اسے قبول نہیں کرینگے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق منگل کو یورپ کے12روزہ دعوتی و تنظیمی دور ے پر روانہ ہوگئے ہیں۔ دورے کے دوران سراج الحق پاکستانی کمیونٹی کے پروگرامات میں شرکت اور خطاب بھی کرینگے۔سراج الحق نے لیاقت بلوچ کو قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان مقرر کیاہے ۔ لیاقت بلوچ نے منصورہ میں ایک سادہ تقریب میں قائم مقام امیر جماعت کی ذمہ داریوں کا حلف اٹھا لیاہے ۔ سینیٹر سراج الحق 6 جنوری کو وطن واپس پہنچیں گے ۔جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر بھی امیر جماعت کے ہمراہ گئے ہیں ۔ لندن روانگی سے قبل لاہور ایئر پورٹ پر کارکنوں سے گفتگو میں سراج الحق نے کہاکہ حکومت ہر کام کریڈٹ کے لیے کرتی ہے ، کوئی کام عوام کے لیے بھی کرلے۔ فاٹا اصلاحات پر عملدرآمدکے سوا حکومت کے پاس کوئی آپشن نہیں لہٰذا حکومت جلد از جلد یہ آپشن استعمال کرے کیونکہ حکومت کے پاس اب زیادہ وقت نہیں رہا۔کوئی غیر منطقی حل ٹھونسنے کی کوشش کی گئی تو فاٹا کے عوام اسے قبول نہیں کریں گے۔ حکومت کو31 دسمبر سے قبل فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کا بل اسمبلی سے پاس کرواناچاہیے کیونکہ اس نے نہ صرف قبائلی عوام بلکہ قوم سے وعدہ کر رکھاہے ۔ حکمران ملکی وسائل پر صرف اپنا حق سمجھتے ہیں۔عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لاد کر اور ظالمانہ بلوں سے دولت اکٹھی کرکے حکمران اپنے عیش و عشرت پر خرچ کرتے ہیں۔ تعلیم یافتہ لاکھوں نوجوانوں کو نوکریاں ملتی ہیں نہ گزارہ الاؤنس دیا جاتاہے۔حکومتی نااہلی کی وجہ سے زراعت اور صنعت زبوں حالی کا شکار ہیں ۔ بھارت پاکستانی دریاؤں پر بند باندھ کر پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کر رہاہے اور ہمارے حکمران آئے روز بھارت کو خوش کرنے کے بہانے تلاش کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان کو آبی دہشتگردی کا نشانہ بناکر بنجر کرنے پر تلاہواہے ۔ ڈیموں میں پانی کی کمی کی وجہ سے لوڈشیڈنگ نے صنعتوں کو تباہ کردیاہے ۔ جب تک نااہل اور کرپٹ لوگ اقتدار کے ایوانوں میں موجود ہیں۔ قوم کی قسمت نہیں بدل سکتی ۔ عوام کو اپنے اوپر ہونے والے مظالم کا حساب لینے کے لیے خود اٹھنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں عوام ظالم جاگیرداروں اور بے رحم سرمایہ داروں سے نجات کے لیے دیانتدار اور اہل قیادت کا انتخاب کریں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کامیاب ہوکر رہے گی۔ کرپٹ قیادت کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال کر جیلوں میں بند کیا جائے گا اور قومی خزانے سے لوٹی گئی دولت واپس لے کر تعلیم ، صحت اور روزگار پر خرچ کی جائے گی ۔