میلبورن (نیوز ایجنسیز ) ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں پہلے روز آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر244 رنز بنالئے۔ روایتی باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے افتتاحی روز اوپنر ڈیوڈ وارنر نے انگلش بولرز کی ٹھکائی لگادی۔ انہوں نے شاندار سنچری اسکور کی۔ میلبورن کرکٹ گرائونڈ پر منگل کو آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کو ترجیح دی۔ اوپنر بین کرافٹ اور ڈیوڈ وارنر نے 122 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ بین کرافٹ 26 رنز کی اننگز کھیل کر ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔جس کے بعد ڈیوڈ وارنر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ۔ وہ خوش قسمت رہے کہ 99 پر کیچ ہونے کے باوجود نو بال کے سبب بچ گئے اور وارنر کو سنچری مکمل کرنے کا موقع مل گیا ۔ ڈیوڈ وارنر 103رنز کی اننگز کھیل اینڈرسن کی گیند پر وکٹ کیپر بیئرسٹو کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ ٹیسٹ میچوں میں یہ ان کی 21 ویں جبکہ ہوم گرائونڈ پر 15 ویں سنچری ہے۔ اس کے علاوہ وارنر نے ٹیسٹ میچوں میں 6 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے ہیں۔ دوسری جانب ڈیوڈ وارنر کو آئوٹ کرنے والے انگلش بولر جیمز اینڈرسن نے آسٹریلیا کیخلاف اپنی 100 وکٹ مکمل کرلی ہیں ۔ اینڈرسن یہ اعزاز حاصل کرنے والے انگلینڈ کے آٹھویں بولر بن گئے ہیں۔ اینڈرسن 133 میچوں میں مجموعی طور پر 519 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولرز کی فہرست میں سابق ویسٹ انڈین کپتان کورٹنی والش کے ساتھ پانچویں نمبر پر آگئے ہیں ۔ عثمان خواجہ صرف 17رنز بناکر کرس براڈ کو وکٹ دے بیٹھے۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر کپتان اسمتھ اور شان مارش نے چوتھی وکٹ کی ناقابلِ شکست شراکت میں 84 رنز جوڑ کر مجموعی اسکور 244 رنز تک پہنچادیا۔ اسمتھ 65 اور مارش 31 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ انگلینڈ کی طرف سے اینڈرسن، براڈ اور ووکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پانچ میچوں کی سیریز آسٹریلیا پہلے ہی 0-3 سے اپنے نام کرچکا ہے۔