وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ امریکا کی طاقت اسلحہ نہیں اسکی یونیورسٹیاں ہیں، امت مسلمہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں پیچھے رہ گئی، ماضی میں تعلیم کے بجائے ہتھیاروں کے حصول پر توجہ دی گئی ایچ ای سی کا بجٹ 35ارب روپے کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں وزیر منصوبہ بندی وترقی و داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کے تحت اعلیٰ تعلیم کو فروغ دے رہے ہیں، ہم نے تفکر، تدبر اور مشاہدہ چھوڑ دیا ہے، ہماری زیادہ تر بچیاں اضلاع میں یونیورسٹی نہ ہونے پر تعلیم ادھوری چھوڑ دیتی ہیں اب ہر ضلع میں یونیورسٹیز کے کیمپس کھول دیے گئے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 10ہزار سے زائد پی ایچ ڈی اسکالرز کو وظائف دے رہے ہیں، جتنا مذہبی لٹریچر آج چھپ رہاہے اتنا تاریخ میں نہیں چھپا، ماضی میں تعلیم کے بجائے ہتھیاروں کے حصول پر توجہ دی گئی ،اسلام نے بھی تعلیم کے حصول پر زور دیاہے ۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسلم دنیا کے پیچھے رہ جانے کی وجہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے دوری ہے ، تعلیم کا شوق رکھنے والے میلوں کا سفر کرکے تعلیم حاصل کررہے ہیں حکومت نے طلبہ کی اعلیٰ تعلیم کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں، تعلیم یافتہ نوجوان ہی ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، انڈوومنٹ فنڈ کے وسائل کو 25ارب روپے تک لے جائیں گے، اعلی تعلیم کی کمی کی وجہ سے آج بو علی سینا اور ابن الہیشم پیدا نہیں ہورہے، سرکاری اسکول کے بچوں کو میٹرک کے بعد تعلیم کے حصول کے لیے وظائف دے رہے ہیں۔