قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ نون لیگ نے جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ دھوکا کیا، اگرنون لیگ اورجنوبی پنجاب کے ایم این ایز ساتھ دیتے تو جنوبی پنجاب الگ صوبہ ہوتا ۔
سکھرمیں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خورشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کو خودمختاری دی اور سرائیکی صوبے کیلئے عملی کوششیں کیں پیپلزپارٹی چھوٹی بڑی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کا تجربہ رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت نے ملک کیلئے وہ کام کئے جو کوئی نہ کر سکا1973ء کے آئین کی بحالی، صوبائی خودمختاری اورپختونوان کو شناخت پیپلزپارٹی نے دی۔
خورشید شاہ نے سربراہ عوامی تحریک سے ملاقات کے بارے کہا کہ طاہرالقادری کے ساتھ پہلی بار نہیں بیٹھے پیپلز پارٹی اور طاہرالقادری عوامی اتحاد اور جی ڈی اے میں اتحادی رہ چکے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سانحہ ماڈل ٹائون کے حصول انصاف کیلئے طاہرالقادری کے ساتھ کھڑی ہے ہم پر تنقید کرنے کے بجائے حکمران ماڈل ٹائون کے شہدا کو انصاف کیوں نہیں دیتے۔