الندن (این این آئی)برطانوی ریڈیو نے بے نظیر بھٹو قتل کی تحقیقات میں سنگین غفلت کی نشاندہی کی ہے۔ بی بی سی نے بینظیر بھٹو قتل سے متعلق تفصیلی رپورٹ شائع کی ہے جس میں کیس کی تحقیقاتی دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ پولیس نے کیس کی تفتیش انتہائی بے دلی کے ساتھ کی اور ماسوائے گرفتار کئے گئے حملہ آوروں اور سہولت کاروں کے اصل مجرموں تک پہنچنے کی کوشش ہی نہیں کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی افسر سعود مرزا نے ایک بمبار کا حلیہ بتایا جو کراچی کے ایک مخصوص علاقے کا لگتا تھا تاہم یہ انتہائی اہم معلومات کبھی سامنے نہیں لائی گئی۔رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کمیشن کے سربراہ نے کہا کہ تحقیقات میں اسٹیبلشمنٹ اور بعض حکومتی وزرا نے بھی تعاون نہ کیا۔