• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت کا استحکام، ایم کیو ایم لندن کا شاہد خاقان عباسی کو تعاون فراہم کرنیکا عزم

لندن(جنگ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ لندن رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ملک کے بہترین وزیراعظم ہیں اور قائد تحریک کی قیادت میں ایم کیوایم، وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کی ہرطرح سے سپورٹ کرے گی۔یہ فیصلہ ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں متفقہ طورپر فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیوایم کی جانب سے جمہوریت کے استحکام اور تسلسل کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کوہرطرح سے سپورٹ کیاجائے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کے خلاف جو سازشیں کی جارہی ہیں اب انکا سلسلہ بند ہونا چاہیے، ملک میں ویسے ہی پاکستان کے آئین کی شق 62 اور63 پر پورے اترنے والے نیک اور ایماندار لوگوں کی کمی ہے ، اس ماحول میں شاہد خاقان عباسی بہترین وزیراعظم ہیں لہٰذا ان کونہ صرف آئندہ الیکشن تک کام کرنے دیا جائے بلکہ الیکشن کے بعد بھی انہیں وزیراعظم پاکستان منتخب کرکے ملک وقوم کی خدمت کا موقع دیا جائے۔ اجلاس میں کہاگیا کہ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کی خواہش ہے کہ منتخب اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پوری کریں ، وقت پر انتخابات ہوں ، جمہوری ادارے مستحکم ہوں اورجمہوریت کے تسلسل سے ملک ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔
تازہ ترین