• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر شپ یارڈ کےمنصوبے کا آغاز جلد ہوگا،ایڈمرل ظفرعباسی

کراچی(اے پی پی) پاک بحریہ کا دوسرا صنعتی سیمینار پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج میں منعقد ہوا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے نجی شعبے میں قائم مختلف صنعتوں کے نمائندگان کی سیمینار میں شرکت کو سراہا، نیول چیف نے کہا کہ یہ سیمینار پاک بحریہ کی ٹیکنالوجی کی ضروریات کے حوالے سے نجی شعبے کے کردار کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ عالمی منظرنامہ بالعموم اور علاقائی سیاسی و جغرافیائی صورتحال بالخصوص خود انحصاری کے حصول کے لئے ٹھوس اور طویل المیعاد فیصلوں کے متقاضی ہیں، گوادر میں شپ یارڈ کے قیام کی نوید سناتے ہوئے ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ اس منصوبے کا آغاز بہت جلد کردیا جائے گا اور منصوبے کی تکمیل 3 سے 5 سال میں ہوگی، نیول چیف نے مزید کہا کہ ریسرچ اور ڈیولپمنٹ کے فروغ کے لئے ضروری تکنیکی معلومات اور بنیادی صنعتی ڈھانچہ ملک میں موجود ہے، تاہم اب وقت آگیا ہے کہ خود انحصاری کے عمل کو مضبوط اور تیز تر کرنے کے لیے ان سہولتوں سے مشترکہ طور پر زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جائے۔سیمینار میں پاک بحریہ کے افسران، مقامی صنعت کے نمائندوں اور علمی شعبے سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تازہ ترین