• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ہاکی چیمپئن شپ کے سیمی فائنلز آج کھیلے جائیں گے

سکھر (بیورو رپورٹ )64 ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ کے سیمی فائنلز ہفتے کو کھیلے جائیں گے۔ لاسٹ فور مرحلے کے پہلے میچ میں واپڈا کا سامنا سوئی سدرن گیس کمپنی اور نیشنل بینک کا مقابلہ پاکستان نیوی سے ہوگا۔ فائنل راؤنڈ میں پہنچنے والی دس ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں دفاعی چیمپئن پی آئی اے اور متعدد مرتبہ قومی چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان کسٹم کی ٹیموں نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پی آئی اے نے اپنے پول میں صرف دو جبکہ کسٹم نے اپنے پول میں صرف ایک میچ جیتا باقی تمام میچ ہارے۔ چیمپئن شپ کے فائینل راؤنڈ میں پاکستان نیوی اور نیشنل بینک کی ٹیمیں اپنے اپنے پول میں ناقابل شکست رہیں۔ نیشنل بینک نے چاروں میچ جیتے جبکہ نیوی نے دو جیتے اور دو برابر رہے۔ نیشنل بینک کی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاروں میچ جیت کر 12 پوائنٹس اپنے کھاتے میں جمع کیے اور فائنل راؤنڈ میں ناقابل شکست ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کیا ۔نیشنل بینک نے 29 گول کئے ان کے خلاف 3گول ہوئے۔ دوسرے گروپ میں پہلے نمبر پر پاکستان واپڈا آئی جس نے چا رمیں سے تین میچ جیتے ، ایک برابر کیا، مجموعی طور پر 10 پوائنٹس حاصل کئے۔ اس نے 17گول کئے اور ان کے خلاف 3گول ہوئے۔ پول اے کی ٹیم پاکستان نیوی نے چار میچز کھیلے دو جیتے، دو برابر رہے، 8گول کئے اور ان کے خلاف 2گول ہوئے اور 8 پوائنٹس حاصل کئے۔ پی آئی اے کی ٹیم نے چار میچ کھیل کر دومیچ جیتے اور دو ہارے۔ 12گول کئے اور ان کے خلاف 8گول ہوئے اور4 پوائنٹس حاصل کئے۔ پول بی کی ٹیم سوئی سدرن گیس کمپنی نے چار میچ کھیلے ، تین جیتے ، ایک ہارا ، 17 گول کئے اور ان کے خلاف 7گول ہوئے اور 9 پوائنٹس حاصل کئے۔ پاکستان کسٹمز کی کارکردگی بھی انتہائی مایوس کن رہی، اپنے پول میں کھیلے گئے چار میچوں میں کسٹم نے صرف ایک جیتا اور تین میچ ہارے، 9گول کئے ان کے خلاف بھی 9 گول ہوئے اور 3 پوائنٹس حاصل کئے۔
تازہ ترین