اسلام آباد،کوئٹہ(نمائندہ جنگ،صباح نیوز)وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاستدان سعودی عرب جاتے رہتے ہیں کوئی مطلب نہ نکالا جائے، ملک نازک دور سے گزر رہا ہے، سیاسی جماعتوں کو پیغام دیتا ہوں دھرنے اور انتشار کی سیاست سے دہشتگردوں کو فائدہ ہوگا، دشمن بلوچستان کو ہدف بناکر ملک کو عدم استحکام کا شکار اور پاک چین اقتصادی راہداری کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، اپوزیشن دھرنوں کی بجائے حکومت کیساتھ ملکر ملک کے استحکام اورترقی کیلئے اپناکردار ادا کرے، ضروری نہیں سعودی عرب جاکر ہر کوئی سیاست کرے، ترجمان پاک فوج کے بیان پر سعد رفیق کی وضاحت کے بعد معاملہ ختم ہوگیا، طول دینے کی ضرورت نہیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔ کوئٹہ میں میتھوڈسٹ چرچ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ فرار عسکریت پسند مغربی سرحد سے دوبارہ پاکستان میں داخل ہو کر دہشتگردی کررہے ہیں، پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے، سیاسی جماعتوں کو پیغام دیتا ہوں یہ وقت ٹانگیں کھینچنے کا نہیں دہشتگردی کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بن جانے کا ہے۔