• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ، خزانے کو کروڑوں کا نقصان، پلاٹ رشتے داروں میں بانٹے گئے، چیئرمین نیب

اسلام آباد(اے پی پی) قومی احتساب بیورو ( نیب ) کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی(جیڈا) میں انڈسٹریل اور کمرشل پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوںاور قومی خزانے کو کروڑوںکے نقصان کا نوٹس لے لیا۔گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بلوچستان کی معاشی ترقی داؤ پر لگا دی،جیڈا انڈسٹریل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی بجائے اسٹیٹ ایجنسی بن گئی، حقیقی سرمایہ دار نظر انداز کرتے ہوئے کمرشل پلاٹس عزیز و اقارب اور من پسند افراد میں بانٹ دئیے گئے ۔ہفتہ کو نیب ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ریکارڈ کے معائنے سے پتہ چلا ہے کہ گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈوپلمنٹ اتھارٹی میں کمرشل پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے قواعد و ضوابط کویکسر نظر انداز کیا گیا ،گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران و دیگر ملازمین نے سہولت کاروں کی مدد سے من پسند افراد اور عزیز و اقارب میں پلاٹوں کی بندر بانٹ کی۔ علاوہ ازیں الاٹمنٹ کے حوالے سےصنعت کار ہونے کی شرط کو ملحوظِ خاطر نہ رکھتے ہوئے فائلوں کی فروخت کے ذریعے بڑے پیمانے پر خرد برد کی ، اور معیار پر پورا اُترنے والے صنعت کاروں اور اہل درخواست دہندگان کی درخواستوں کو ردی کی ٹوکری کی نظر کرتے ہوئے ذاتی پسند نہ پسند کی بنیاد پر الاٹمنٹ کر کے قومی خزانے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ۔ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو معاشی سرگرمیوں کی راہ میں کرپشن کے ذریعے روڑے اٹکانے والوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم رکھتاہے ، پاکستان کی ترقی کے لئے بلوچستان میں معاشی سر گرمیوں کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، گوادر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے حقیقی سرمایہ کاروںکا یہ حق ہے کہ انہیں قوائد و ضوابط کے مطابق سرمایہ کاری کا موقع دیا جائے ۔گوادر کی معاشی ترقی کرپٹ عناصر کے ذاتی فوائد کی نظر نہیں ہونے دینگے ، کرپشن کے ذریعے گوادر کی معاشی ترقی کو داؤ پر لگانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔
تازہ ترین