سکھر (بیورو رپورٹ/ چوہدری محمد ارشاد) 64ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ نیشنل بینک نے جیت لی ۔ فائنل تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ تھے۔ قومی ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل میں نیشنل بینک نے پاکستان واپڈا کو 2-1 سے ہرادیا۔ نیشنل بینک کی جانب سے ابوبکر نے دو گول کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ واپڈا کی جانب سے واحد گول محمد قاسم نے کیا۔ تیسری پوزیشن کی میچ میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے نیوی کو 3-0 سے شکست دی۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے راناسہیل نے 2، ذیشان نے ایک گول کیا۔ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر، اولمپیئن حسن سردار، شہباز سینئر، رانا مجاہد، نوید عالم ودیگر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہاکہ اس طرح کے ایونٹ سے ٹیلنٹ نکھر کر سامنے آتا ہے، پاکستان میں ٹیلنٹ بہت ہے، بس ضرورت اسے سامنے لانے کی ہے، ہاکی کے فروغ کے لئے اقدامات کررہے ہیں اور اس قومی کھیل کو چار چاند لگائیں گے۔ مہمان خصوصی قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ پہلی بار اندرون سندھ میں یہ ایونٹ ہوا ہے، ہاکی فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ فاتح ٹیم نیشنل بینک کو کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔ سید خورشید احمد شاہ نے چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی نیشنل بینک، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستان واپڈا اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموںمیں انعامات تقسیم کئے۔