سکھر (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہدخاقان عباسی اسپورٹس کے فروغ کی بات تو کرتے ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر سرکاری میڈیا نے سکھر میں ہونے والے قومی ہاکی چیمپئن شپ کی کوریج نہیں کی ۔ اس حوالے سے حکومت سے بھی رابطہ کیا مگر انہوں نے توجہ نہیں دی۔ سندھ حکومت نے ہاکی کے کھیل کے لئے دس کروڑ روپے مختص کئے ہیں، تین ارب روپے کی لاگت سے سکھر میں جدید اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کرایا جارہا ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اتنا بڑا ایونٹ سکھر میں منعقد کرایا جس پر میں فیڈریشن کا مشکور ہوں۔ وہ پیپلز ہاکی اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔