چمن(نمائندہ جنگ)چمن میں نئے سال کے آغاز پر مال روڈ پر یکے بعد دیگرے دو بم دھماکے، سیکورٹی اہلکاروں سمیت سات افراد زخمی ہو گئے،پولیس موبائل موٹر سائیکل اور رکشہ کو نقصان پہنچا،قریبی عمارتوں کے شیشے ٹو ٹ گئے،پولیس حکام کے مطابق پہلا دھماکہ چمن کے مال روڈ پر واقع پولیس کے نئے زیر تعمیر دفاتر کے ساتھ موجود بجری کے ڈھیر میں ہوا جس سے ایک شخص زخمی ہوا دھماکہ اس وقت ہوا جب سیکورٹی حکام کا ایک کانوائے مال روڈ سے گزرگیا دھماکہ ٹائم ڈوائس کے ذریعے کیا گیا اطلاع ملنے پر پولیس لیویز اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ دوسرے دھماکے میں ایک ایف سی جبکہ دو پولیس اہلکاروں سمیت چھ افراد زخمی ہوئے دھماکے میں اعلیٰ سیکورٹی حکام اور صحافی معجزانہ طور پر محفوظ رہے ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر زخمیوں کو سول ہسپتال چمن منتقل کردیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے دھماکوں میں پولیس موبائل موٹرسائیکل اور ایک رکشے سمیت قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا پولیس حکام کا کہنا ہےکہ دوسرا دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا جس کا مقصد دھماکے کی جگہ جمع ہونے والے سیکورٹی حکام کو نشانہ بنانا تھا واقع کے بعد مال روڈ کو ہرقسم کی آمدورفت کےلئے بند کر دیا گیا جبکہ شواہد اکھٹے کرنے کےلئے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر تحقیقاتی اداروں کے اہلکار پہنچ گئے بعد ازاں علاقے کو کلیئر کر دیا گیا دھماکوں کا مقدمہ سٹی تھانے میں ایس ایچ او سٹی کی مدعیت میں انسداد دہشتگردی کے دفعات کے تحت درج کرلیا گیا دریں اثناء جمعیت ،پشتونخوا میپ اور اے این پی نے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔