برسلز (عظیم ڈار) سیالکوٹ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت خواجہ واجد علی نے برسلز میں نجی دورہ کے دوران کمیونٹی کی اہم اور سرکردہ شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے ’’جنگ‘‘ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیالکوٹ نے کھیلوں کی مصنوعات، گارمنٹس، لیدر گڈز، میوزیکل انسٹرومنٹس، سرجیکل آلات جراحی، باکسنگ گلوز سمیت پلاسٹک کی بنی ہوئی اشیا کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کرکے یورپی اور ایشیائی منڈیوں میں پاکستان کا نام روشن کرکے نمایاں مقام حاصل کیا ہوا ہے۔ پاکستان میں کاروباری افراد کو مراعات کی فراہمی بہتر کی جائے تو انڈسٹری پوری دنیا میں راج کرے گی۔ انہوں نے برسلز میں کاروباری شخصیات سجاد بٹ، نعیم ڈار، امجد بٹ، میاں ذوالفقار اور ملک جاوید کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستانی مصنوعات کی خریدو فروخت کی ضرورت پر زور دیا اور بتایا کہ پاکستان کوالٹی کے حوالے سے کلاتھ گارمنٹس اور لیدر گارمنٹس میں بے مثال ہے۔