اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران کا احتساب الیکشن میں عوام کرینگے،اپنے صوبے میں احتساب کمیشن کو تالا لگا کر عمران صاحب اپنے اور اپنی حکومت کے احتساب سے بھاگ نہیں سکتے، پارلیمنٹ اور سرکاری ٹی وی پر حملہ کرنے والا انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوا‘ قوم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتی ہے کہ عمران صاحب جیسے بھگوڑے اور اداروں کو گالیاں دینے والے کو بھی کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑا،عمران خان کا احتساب 2018میں خیبرپختونخوا کے عوام کریں گے۔ منگل کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی پیشی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کرنے والا دہشت گرد آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہو ا، سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے عدالت میں پیش ہو کر آئین اور قانون کی پاسداری کی روشن مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ قوم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتی ہے کہ عمران صاحب جیسے بھگوڑے اور اداروں کو گالیاں دینے والے کو بھی کٹہر ے میں کھڑا ہونا پڑا۔اپنے صوبے میں احتساب کمیشن کو تالا لگا کر عمران صاحب اپنے اور اپنی حکومت کے احتسا ب سے بھاگ نہیں سکتے ان کا احتساب 2018میں خیبر پختو نخوا کے عوام کریں گے۔