اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر داخلہ حسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک سے کسی کو خوفزدہ نہیں ہونا چاہیئے، یہ سیکیورٹی پروجیکٹ نہیں بلکہ ترقی کا منصوبہ ہے،جس سے خطے کے لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔ جمعرات کو اسلام آباد میں سی پیک سہ ماہی میگزین اور ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ محاذ آرائی سے ہم پیچھے اور تعاون سے آگے جائیں گے۔ سی پیک سے توانائی بحران ختم کرنے میں مدد ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے منصوبے سے کسی کو خوفزدہ نہیں ہونا چاہیئے۔ یہ خطے میں امن و استحکام لانے کا منصوبہ ہے، جس سے خطے کے لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔تقریب کے دوران سی پیک منصوبے پر تنقید کرنے والوں پر خبردار کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ اس ملک میں سقراط اور بقراط کی بھرمار ہے جو سی پیک کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے کا حصہ بن رہے ہیں،جس کے تحت دشمن غلط خبریں پھیلا کر دوسری قوم کو کنفیوژ کرتا ہے۔