ڈگری(نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ہر شعبے میں ناکام ہو گئی سندھ کے سارے شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں عوام حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عدم تحفظ کا شکار ہیں مٹھی میں اقلیتی برادری کے دو بھائیوں دلیپ کمار اور چندر کمار مہیشوری کا قتل حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے،انہوں نے کہا کہ مقتول فیملی کو اکیلانہیں چھوڑیں گے ،ورثا کو انصاف دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔پاکستان تحریک انصاف منارٹی ونگ سندھ کے صدرا جہ کمار اکرانی نے بھی مٹھی میں قتل ہونے دونوں بھائیوں کے قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں ، ورثا کے غم میں برابر کے شریک ہیں ، اگر حکومت نے ورثا کا انصاف فراہم کرنے میں تاخیر کی تو سندھ بھر میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔ اور ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔