اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لوگو سے بے نظیر بھٹو شہید کی تصویر ہٹانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز لیگ کا یہ عمل بدنیتی پر مبنی ہے اور ثابت کرتا ہے کہ غاصب ضیا کے لاڈلوں کے دل میں آج بھی بے نظیر بھٹو شہید کے خلاف بغض اور تعصب ہے۔ میڈیا آفیس اسلام آباد سے جاری کیئے گئے بیان میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پارلیمنٹ نے بے نظیر بھٹو شہید کی ملک،آئین اور جمہوریت کیلئے جدوجہد،خدمات اور قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاس کیا تھا۔دریں اثناءپاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لوگو سے پہلی منتخب خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی تصویر ہٹانے پر اپنے بیا ن میں کہا ہے کہ بیمار ذہنیت کے اس عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔نیئر بخاری نے کہا کہ ملک ، قوم ، آئین اور جمہوریت کے لئے جدوجہد ، خدمات اور قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پارلیمنٹ سے منظور شدہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے لوگو ہٹانا پارلیمنٹ کے توہین کے مترادف ہے۔